مضمون 2026/03/31 مشاہدات

دار الافتاء ڈاٹ انفو میراث کیلکولیٹر v1.00

علم میراث (فرائض) کا شمار علومِ شرعیہ کے اہم ترین ابواب میں ہوتا ہے۔ دورِ جدید میں جہاں ٹیکنالوجی نے ہر کام کو سہل بنا دیا ہے، وہیں وراثت کے پیچیدہ مسائل کے حل کے لیے دار الافتاء ڈاٹ انفو نے ایک ڈیجیٹل میراث کیلکولیٹر متعارف کرایا ہے، جو فقہ حنفی کے مستند اصولوں کے مطابق ترکہ کی تقسیم کا حساب سیکنڈوں میں کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔


علمی و فنی بنیادیں (فقہی و حسابی قواعد کا خلاصہ)

اس سسٹم کی بنیاد فقہ حنفی کے راجح اقوال پر رکھی گئی ہے، جس میں درج ذیل اہم قواعد کا احاطہ کیا گیا ہے:

  • ورثاء کا احاطہ (26 اقسام): اصول (آباء و اجداد)، فروع (اولاد و پوتے پوتیاں)، حواشی (بہن بھائی و بھتیجے) اور عمومت (چچا و چچا زاد) کے تمام بنیادی ورثاء کے قواعد شامل ہیں۔

  • احکامِ عصبات: عصبہ کے باب میں "الأقرب فالأقرب" کے اصول کے تحت جہت، درجہ اور قوتِ قرابت کا مکمل لحاظ رکھا گیا ہے، بشمول "للذكر مثل حظ الأنثيين" اور "عصبہ مع الغیر" جیسے قواعد۔

  • قواعدِ حجب (محرومی): حجبِ حرمان کے تمام بنیادی قواعد (مثلاً باپ کی موجودگی میں دادا یا اولاد کی موجودگی میں حواشی کی محرومی) کو سسٹم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

  • حسابی امور و تخریج: اصل مسئلہ کا تعین، عول کی صورت میں حصص میں متناسب کمی، اور رد کی صورت میں زوجین کے سوا دیگر ذوی الفروض پر مال کی واپسی کا درست حساب۔ نیز، کسر واقع ہونے کی صورت میں تصحیحِ کسر (توافق و تباین) کے عمل کو بھی خودکار بنایا گیا ہے۔

  • مسائلِ شاذہ: عمرتین (ماں کے لیے ثلثِ باقی) اور اس جیسے مخصوص مسائل کی صحیح تخریج۔

وضاحت: اس ابتدائی نسخے میں بنیادی شرعی تقسیم پر توجہ دی گئی ہے، جس کے ذریعہ ابتدائی اور درمیانی درجے کے مسائل اور روزمرہ کی صورتوں کی بآسانی تخریج ممکن ہو۔۔ البتہ مناسخہ، ذوی الارحام اور حقوقِ متقدمہ (تجہیز و تکفین، قرض، وصیت) ودیگر مذاہب وقوانین کا  ان شاء اللہ تدریجاً  حسب فرصت ووسعت کیا جائے گا۔ 

اس منصوبے کی درستگی کو یقینی بنانے میں ماہرینِ فن  حضرات کی  قیمتی آراء ومحنت وبیش بہا وقت  شامل ہے، رب کریم انہیں اپنے شایان شان جزائے خیر عطاء فرمائے۔

  • مفتی ماہر منظور صاحب

  • مفتی فہیم بن رحیم صاحب

  • مفتی بلال ارشد صاحب

ساتھ ساتھ خصوصی شکریہ ان تمام طلبہ علومِ شرعیہ کا، جنہوں نے اس سسٹم پر 1000 کے لگ بھگ مختلف مسائل کو جانچ کر اپنی قیمتی اصلاحی آراء سے نوازا۔

اہل علم وفن حضرات  سے گزارش ہے کہ دوران استعمال اگر کوئی خامی نظر آئے تو بہتری کی تجاویز سے ضرور نوازیں تاکہ اسے وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتر بنایا جاسکے۔

میراث کیلکولیٹر کے استعما ل کا طریقہ 

اس سسٹم کو انتہائی سادہ اور سہل بنایا گیا ہے تاکہ عام صارف بھی اسے آسانی سے استعمال کر سکے:

  1. میت کی تفصیل: سب سے پہلے میت کی جنس کا انتخاب کریں۔

  2. ورثاء کا اندراج: حیات ورثاء کی تعداد پلس + اور مائنس - بٹن سے درج کریں۔

  3. ترکہ کی مالیت: اگر آپ رقم کی صورت میں حصہ جاننا چاہتے ہیں تو کل ترکہ (Amount) لکھیں۔

  4. فوری نتائج: سسٹم آپ کو عول، رد، حصص (سہام) اور وارث کی شرعی حیثیت (فرض، عصبہ یا محجوب) کی مکمل وضاحت فراہم کرے گا۔

تنبیہ: یہ کیلکولیٹر عمومی رہنمائی کے لیے ہے۔ پیچیدہ صورتحال یا کسی بھی قسم کے ابہام کی صورت میں مستند دارالافتاء سے رجوع کرنا لازمی ہے۔

 

اینڈرائیڈ ایپ لنک : اینڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
براہ راست لنک:  دار الافتاء ڈاٹ انفو میراث کیلکولیٹر

 

تبصرے (0)

اپنا تبصرہ لکھیں

ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں ہے۔ پہلا تبصرہ آپ کریں!