طاقت اور بالادستی حاصل کرنے کے 48 قوانین (پانچواں اور آخری حصہ)

قانون نمبر ۴۱:   کسی بڑے آدمی کی جگہ لینے سےبچیں۔

لوگ اصل کا احترام کرتے ہیں، اور نقل کو حقارت کی نظروں سے دیکھتے ہیں، اگر آپ کسی کے نائب ہیں، یا کسی بڑی شخصیت کے بیٹے ہیں تو آپ کو کئی گنا زیادہ محنت کرنی ہوگی، ورنہ آپ اس شخصیت کے وزن تلے دب جائیں گے، کبھی بھی ایسی چیز سے اپنے آپ کو نہ جوڑیں جو آپ کی بنائی ہوئی نہیں ہے۔ پچھلوں کے کام کے انداز سے ہٹ کر اپنا الگ انداز  الگ شناخت بنائیں، اس کی قوانین اور طور طریقے اسی کے جانے کے ساتھ ختم کریں، تب ہی جاکر آپ اپنی آب وتاب پیدا کرسکیں گے۔

قانون نمبر ۴۲:   اگر مویشیوں کو بکھیرنا ہے تو چرواہے کو مارو۔

ہر بڑے مسائل اور بحران کے پیچھے آپ کو ایک بنیادی آدمی نظر آئے گا، جو اپنی برائی دوسروں میں پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اگر ایسے لوگوں کو آزاد چھوڑ دیں گے تو یہ لوگ اپنے دل کی سیاہی دوسروں میں پھیلادیں گے، ان کے مسائل کے بڑھنے کا انتظار نہ کریں، نہ ہی ان کو منانے کی کوشش کریں، کیونکہ آپ ناکام رہیں گے، ان سے کسی طرح جان چھڑا کر ، یا ان کو دور کرکے ان کے منحوس اثرات سے لوگوں کو بچائیں، مشکل پیدا کرنے والے چرواہے پر وار کرنے سے اس کے گرد جمع ہونے والی بھیڑیں خود ہی بکھر جائیں گی۔

قانون نمبر ۴۳:   لوگوں کوزور زبردستی سے نہیں، بلکہ محبت کا اظہار اور مطمئن کرکے ان کو اپنے ساتھ ملائیں

زور زبردستی بالآخر آپ کی بالادستی کا خاتمہ کرکے ہی رہے گی۔ اپنے کاموں کو انجام دینے کے لئے لوگوں کو آہستہ آہستہ اپنی طرف مائل کرنا سیکھیں، اس انداز سے مائل کرنے پر لوگ آپ سے مخلص اور جڑے رہیں گے، اور اس انداز کو حاصل کرنے کیلئے آپ کو اپنے مقابل کی نفسیات اور کمزور پہلوؤں کو جاننا ہوگا، ان کے جذبات پر ہر ترغیب ، ڈرانے کے ذریعے   قابو پاک ان کی قوت مدافعت کو توڑیں، آپ کا اپنے ماتحتوں کے جذبات سے غفلت برتنا ان کے دلوں میں آپ کے لئے نفرت اور بغض پیدا کردے گا۔

قانون نمبر ۴۴:   شیشے کے قانون کے ذریعہ اپنے مقابل کو نہتا کریں

شیشے حقیقت کا عکس دکھاتے ہیں، لیکن ساتھ ساتھ اسے بگاڑ بھی دیتے ہیں، اسی لئے وہ دھوکہ دینے اور بیوقوف بنانے کے اہم ہتھیار شمار کئے جاتے ہیں، شیشے کا قانون یہ ہے کہ آپ مد مقابل کے کاموں کی نقل کریں، اس سے دوسرے کشمکش اور کنفیوزن کا شکار ہوجائیں گے، اور اپنا فکری توازن کھو بیٹھیں گے، اس طریقہ کار کے ذریعہ آپ کو یہ پیغام دے سکتے ہیں کہ آپ کی گہرائیوں میں اتر کر ان کو پڑھ رہے ہیں، یا آپ ان کو ان کے انداز میں جواب دیکر ان کے کرتوتوں کا حساب لے سکتے ہیں۔ یہ بہت فعال قانون ہے، بہت کم لوگ اس کے اثر سے اپنے آپ کو محفوظ رکھ پاتے ہیں۔

شیشے کے قانون کے کچھ بنیادی اثرات ہیں:

پہلا اثر:آپ اپنے مد مقابل کی ہوبہو نقل کرنا شروع کردیں، اس سے وہ آپ کے اصل مقصد کو نہیں  سمجھ پائے گا، آپ کا شیشہ انہیں اندھا کردے گا۔ ان کے اطمینان کو آپ ختم کردیں گے۔

دوسرا اثر: محبت پیدا کرنا

جب آپ دوسرے شخص کو اچھی طرح پڑھ کر اس کے احساسات اور جذبات کے عین مطابق اس سے اظہار خیال کرتے ہیں گویا کہ آپ اس کے لئے شیشہ ہیں، تو مقابل آپ کے دل میں لازمی محبت کا احساس پائے گا، کیونکہ اس دنیا میں ہر شخص اپنے آپ سے محبت کرتا ہے۔آپ کو اگر لوگوں کو ان کا عکس دکھانا آگیا تو آپ کو ان پر بالادستی حاصل ہوگئی۔

تیسرا اثر: اخلاقی تاثیر

کبھی کبھی کسی کو باتوں سے سمجھانا ممکن نہیں ہوتا، لیکن اگر اسے آیئنہ دکھا دیا جائے تو فورا اسے احساس ہوجاتا ہے کہ اگر یہی چیز میرے ساتھ ہوجائے تو مجھے کیسا محسوس ہوگا۔

کسی کا قول ہے: ’’جب میں کسی کے بارے میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ وہ کتنا سمجھدار یا بیوقوف ہے یا اچھا ہے یا براہے ، یا اس وقت وہ کیا سوچ رہا ہے، تو میں کوشش کرتا ہوں حتی الامکان اس کے چہرے کے تاثرات کی نقل اپنے چہرے پر پیدا کرلوں، پھر دیکھتا ہوں کہ میرے ذہن یا دل  میں کیا سوچیں اور جذبات پیدا ہورہے ہیں‘‘

قانون نمبر ۴۵:   بیشک لوگوں کو تبدیلی کی ضرورت ہے، لیکن ایک ساتھ مکمل تبدیلی نہ لائیں

کتابوں میں تو ہم ہروقت تجدید وتبدیلی کی اہمیت پڑھتے رہتے ہیں، اور ہرشخص ان کی اہمیت کو سمجھتا بھی ہے، لیکن عملی  زندگی  ہم اپنی عادتوں پر شدت سے جمے ہوتے ہیں، لوگوں پر نیا نظام نافذ کرنا ان بغاوت پر ابھارتا ہے، آپ جب نئے نئے ذمہ دار بنتے ہیں یا کسی دوسری دنیا سے آئے ہوتے ہیں آپ کے لئےاپنا مقام بنانا اور مددگار پیدا کرنا ضروری ہوتا ہے، اور اس کے لئے آپ کو پرانے اصول وقواعد کا احترام دکھانا پڑے گا، اس کے بغیر آپ کی کوئی نہیں مانے گا، اگر تبدیلی لازمی ہوتو اس کو اس انداز میں سامنے لائیں جیسے کہ وہ پرانے کام ہی کی ایک بہتر شکل ہے۔

 

قانون نمبر ۴۶:   ضرورت سے زیادہ پرفیکٹ  بننا نقصا ن دہ ہے!

دوسروں سے زیادہ بہتر بن کر ظاہر ہونا خطرنا ک ہے، لیکن اس سے زیادہ خطرہ کی بات یہ ہے کہ آپ ہر طرح کے عیب اور کمزوری سے پاک نظر آئیں، کیونکہ حسد خاموش دشمن پیدا کرتا ہے، چالاک لوگ حسد سے بچنے کے لئے ، اور لوگوں کو اپنے سے جوڑے رکھنے کے لئے وقتا فوقتا نقائص کا مظاہر کرتے رہتے ہیں، اور ایسی غلطیوں کا اعتراف کرتے رہتے ہیں جن کے اعتراف سے ان کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا، کیونکہ صرف اللہ کی ذات اور مرجانے والے لوگ ہی غلطیوں سے پاک ہوتے ہیں۔

قانون نمبر ۴۷: فتح کے نشے میں اپنے پلان سے ہٹ کر کچھ نہ کریں

فتح کی گھڑیاں عموما سب سے زیادہ خطرے کی گھڑیاں ہوتی ہیں، کیونکہ فتح کا نشہ آپ کو غرور  اور ضرورت سے زیادہ اعتماد کا شکار بنا سکتا ہے، جس کی وجہ سے آپ بڑی محنت سے حاصل کئے گئے ہدف کو دوبارہ کھوسکتے ہیں، اور پلان سے ہٹنے سے آپ کے دشمنوں کی تعداد بڑھنے کا بھی خطرہ ہوسکتا ہے جن کو شکست دینا آپ کے لئے ممکن نہیں رہے گا۔ فتح کو اپنی عقل پر کبھی غالب آنے نہ دیں۔

قانون نمبر ۴۸:   ایسی پوزیشن اختیار کریں جس کی کوئی متعین شکل نہ ہو

دوسرے الفاظ میں وقت کے تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو مسلسل تبدیل کرتے ہیں، کسی ایک شکل میں جامد نہ رہیں ، کیونکہ ایک انداز اپنائے رکھنا آپ کے مقابل کو آپ کو پڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے، اور اس کے لئے آپ پر حملہ کرنا آسان بنادیتا ہے۔ بیشک آپ ہر چیز کو پہلے سے پلان کریں تاکہ آپ کو چیزوں کو دیکھنے میں آسانی ہو، لیکن اپنے مقابل کو کبھی سمجھنے نہ دیں کہ آپ کیا کر رہے ہیں اس کا طریقہ یہی ہے کہ مستقل حالات کے مطابق اپنے آ پ کو ڈھالتے رہیں،  یہ بات اچھی طرح سمجھ لیں کہ کوئی بھی بات پکی نہیں ہوتی ، نہ ہی کوئی قانون ہمیشہ درست ہوتا ہے۔ تو اپنے آپ کو حملوں اور خطروں سے دور رکھنے کا سب سے بہتر طریقہ یہی ہے کہ آپ پانی کی طرح بے شکل وبے رنگ سیال بن جائیں،  اور ایک نظام یا قانون پر مستقل جمے رہنے کی غلطی کبھی نہ کریں!


طاقت اور بالادستی حاصل کرنے کے 48 قوانین

48 مؤثر ترین اصول جو آپ کو برتر رہنے میں مدد کرتے رہیں گے۔ مشہور انگریزی کتاب The 48 Laws of Power کا خلاصہ، کتاب کا رائٹر رابرٹ گرین نیویارک ٹائمز کے مطابق دنیا کا بیسٹ سیلر کتب کا مولف ہے، مضمون کو پڑھ کر مغربی سوچ اور ان کے سیاست کے طور طریقوں اور کرداروں کو قریب سے جاننے میں کافی مدد ملے گی۔

کل مضامین : 6
اس سلسلے کے تمام مضامین

عشرت حمید


کل مواد : 8
شبکۃ المدارس الاسلامیۃ 2010 - 2025

تبصرے

يجب أن تكون عضوا لدينا لتتمكن من التعليق

إنشاء حساب

يستغرق التسجيل بضع ثوان فقط

سجل حسابا جديدا

تسجيل الدخول

تملك حسابا مسجّلا بالفعل؟

سجل دخولك الآن
ویب سائٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، اس سائٹ کے مضامین تجارتی مقاصد کے لئے نقل کرنا یا چھاپنا ممنوع ہے، البتہ غیر تجارتی مقاصد کے لیئے ویب سائٹ کا حوالہ دے کر نشر کرنے کی اجازت ہے.
ویب سائٹ میں شامل مواد کے حقوق Creative Commons license CC-BY-NC کے تحت محفوظ ہیں
شبکۃ المدارس الاسلامیۃ 2010 - 2025